منگلورو ،31؍اکتوبر(ایس او نیوز)یو پی میں کٹر ہندوتواوادی یوگی آدتیہ ناتھ کو چیف منسٹر بنانے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی کرناٹکا میں بھی ایسا ہی تجربہ کرنے کی منصوبہ بندی میں لگ گئی ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق بی جے پی ساحلی علاقے میں کٹر ہندوتواوادی کی پہچان رکھنے والے وجرا دیہی مٹھ کے راج چندراشیکھرا سوامی کو انتخابات میں اتارنے کی سوچ رہی ہے۔ معتبر ذرائع سے ملنے والی خبرکے مطابق پارٹی کے سینئر لیڈران نے سوامی جی سے ملاقاتیں کرکے انہیں سیاسی میدان میں اترنے کے لئے تیار کرلیا ہے۔کیونکہ مبینہ طور پر بی جے پی نے اپنے متوقع امیدواروں کے سلسلے میں جو حالیہ سروے کروایا ہے اس میں وجرادیہی سوامی کا نام کا زیادہ ابھر کر سامنے آیا ہے۔
دوسری طرف خود راج چندراشیکھرا سوامی نے بھی اس کے امکانات کو مسترد نہیں کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی حلقے سے انتخاب لڑنے کے لئے تیار ہیں کیونکہ ان کے بھکت چاہتے ہیں کہ وہ سیاسی میدان میں اتریں۔اس لئے ہندوتوا کا مقصدجہاں سے بھی پورا ہوتا ہو، وہاں کام کرنے کے لئے وہ ہمیشہ تیار ہیں ۔ اس لئے پارٹی کی جانب سے انہیں جو بھی حلقہ دیا جائے گا اسے وہ قبول کریں گے۔ان کا خیال ہے کہ اس وقت جو خدمات وہ انجام دے رہے ہیں ، اس کا دائرہ سیاسی اختیارات کی وجہ سے مزید وسیع ہوجائے گا۔